اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے انسداد دہشتگردی، منشیات، انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائمز کے خلاف تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں دہشتگردوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے اور انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے وزارتوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد جلد ملائیشیا کا دورہ کرے گا۔
ملاقات میں کوسٹ گارڈز کے شعبے میں تجربات کے تبادلے اور تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈز کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ملاقات میں سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا پاکستانیوں کے لیے ایک اہم سیاحتی منزل ہے، جبکہ ورک کوٹہ بڑھنے سے مزید پاکستانی قانونی طریقے سے ملائیشیا جا سکیں گے۔




