پاکستان
Trending

عوامی ریلیف کیلئے حکومت اور جماعت اسلامی میں مذاکرات پر اتفاق، آئی پی پیز اور پٹرولیم لیوی کا معاملہ بھی زیرِبحث

 

لاہور: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان عوامی ریلیف کے معاملے پر مذاکرات کا راستہ ہموار ہوگیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال، سینیٹر رانا ثنا اللہ اور خواجہ سلمان رفیق پر مشتمل حکومتی وفد نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے پاس پٹرولیم لیوی کم کرنے کی کوئی تجویز ہے تو حکومت اسے سننے کے لیے تیار ہے اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم سے بات چیت کی جائے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور جہاں تک ممکن ہوسکا عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔

سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت قابلِ عمل تجاویز پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔ ایران جنگ کے باعث عام آدمی پر بوجھ پڑا ہے، حکومت کا فوکس بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس ایسی تجاویز ہیں جن سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دھرنوں کا آج 19واں دن ہے اور جماعت اسلامی نے دھرنا کسی ذاتی ایجنڈے کے لیے نہیں دیا۔ مہنگائی کے باعث ہر آدمی متاثر ہورہا ہے اور لوگوں کی زندگی مشکل ہوگئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے اپنے ہدف سے زیادہ پٹرولیم لیوی کی مد میں 100 ارب روپے جمع کیے۔ بجلی بنتی نہیں لیکن کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں پیسے لیے جارہے ہیں، آئی پی پیز کے معاہدے غلط ہوئے ہیں۔ حکومت کو عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button