اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اجلاس میں پمز ہسپتال کی سہولیات، کارکردگی اور طبی خدمات کے معیار کا تفصیلی جائزہ لینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ حکام کی جانب سے اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے ٹیکنیکل ماہرین کے پمز ہسپتال کے دورے پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیکنیکل ماہرین پمز کے کلینیکل، سرجیکل، میڈیکل، ریڈیولوجی اور انتظامی شعبوں کا مقررہ معیار کے مطابق جائزہ لے رہے ہیں۔
ماہرین مختلف انڈیکیٹرز کی بنیاد پر ہسپتال میں دستیاب سہولیات، کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیں گے۔ جائزے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں کی موجودہ صورتحال اور معیار کا بھی تعین کیا جائے گا۔
ٹیکنیکل ماہرین پمز ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور طبی و انتظامی خدمات میں بہتری کے لیے سفارشات بھی مرتب کریں گے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ہسپتال کی کارکردگی اور خدمات کے معیار میں بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جائزے کے نتائج کی روشنی میں عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ پمز میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




