اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور سعودی عرب کی سالمیت و خودمختاری کی حمایت جاری رکھے گا۔
میڈیا بریفنگ میں سجاد حیدر خان نے کہا کہ حوثی حملے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے فورم پر ایک حل طلب مسئلہ ہے۔ بھارت متنازع قانون سازی کے ذریعے کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔




