کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات میں ہے، پی ٹی آئی کو انتہا پسندی کی سیاست چھوڑ کر بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج آئینی اور قانونی آپشن ہے، تاہم اسے آخری آپشن ہونا چاہیے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات میں معاہدے پر اتفاق ہوگیا تھا، لیکن ایک صوبے کے وزیراعلیٰ نے مثبت راستہ اختیار کرنے کے بجائے منفی سیاست کو ترجیح دی۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے حالات سب کے سامنے ہیں اور صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر زور دیا کہ وہ انتہا پسندی کی سیاست ترک کریں تاکہ وفاق کے اعتراضات مل کر دور کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کی سیاست سے سب سے زیادہ نقصان خود پی ٹی آئی کو ہورہا ہے، جبکہ اس کے حامی بھی اس طرز سیاست سے مایوس ہورہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سیاسی جماعتوں، اسٹیبلشمنٹ اور اپنی جماعت کے اندر بھی اختلافات کا سامنا ہے۔ اگر پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹیوں میں واپس آکر بات چیت کرے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انتہا پسندی کی سیاست جاری رہی تو بانی پی ٹی آئی کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
گورنر راج کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئین میں گورنر راج کے نفاذ کا طریقہ کار موجود ہے، لیکن اسے آخری راستے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ثالثی کے لیے مولانا فضل الرحمان کے کردار کو سراہا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصف علی زرداری 14 سال جیل میں رہے، لیکن پیپلز پارٹی نے انتہا پسندی کی سیاست نہیں کی۔ ان کے مطابق سیاسی اختلافات کا حل تصادم کے بجائے مذاکرات اور مفاہمت سے نکالا جانا چاہیے۔
کراچی کے نوجوانوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بعض سیاسی قوتیں نوجوانوں کو جرائم کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں اور نفرت و تقسیم کی سیاست کررہی ہیں۔ پیپلز پارٹی نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم دیکھنا چاہتی ہے اور انہیں بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ کراچی میں اسپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے لیے موجود ہیں، جبکہ تھرپارکر میں تھرکول بلاک ٹو کے تیسرے حصے کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق میں ہو یا کراچی میں، مثبت کردار ادا کرتی ہے۔




