پشاور:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا حکومت اب ایک پیج پر ہیں، صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے صوبائی حکومت کو قیادت کرنا ہوگی۔ وفاقی حکومت امن کے قیام کے لیے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت سے بارہا درخواست کی گئی کہ وہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان کے مطابق سابقہ حکومت نے شہدا کے جنازوں میں شرکت تک نہیں کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مختلف اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، تاہم اب صوبے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت مؤثر انداز میں قیادت کرے گی تو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جا سکے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں گھبرانے کے بجائے ثابت قدم رہنا ہوگا۔ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیک نیتی اور مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔




