پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کو خوف کے بجائے امن، استحکام اور خوشحالی کی پہچان دینا چاہتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کو پُرامن بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور نمائندوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
11 رکنی مشاورتی کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ کمیٹی نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
مشاورتی کمیٹی میں طارق محمود پاشا، ڈاکٹر عامر عبداللہ اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔ ان میں کفایت اللہ، طیب قریشی، عثمان سیف اللہ، آصف رفیق، سرفراز علی، عامر جاوید، ایم ارشاد اور ثمر بلور بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا خیبرپختونخوا میں اہم انتظامی تقرریاں بھی کی گئی ہیں۔ ثنا اللہ ایڈووکیٹ کو صوبے کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ شہاب علی شاہ کی تبدیلی کے بعد ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو نیا چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ مشاورتی کمیٹی اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے صوبے میں امن و استحکام کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی




