پاکستان
Trending

پاکستان اور عمان کا علاقائی امن اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مذہب، تاریخ، ثقافت اور جغرافیائی قربت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔

وزیراعظم نے علاقائی اور عالمی معاملات پر پاکستان اور عمان کے مؤقف میں ہم آہنگی کو سراہا اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینے کے عمانی مؤقف کی تعریف کی۔

عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقائی کشیدگی میں کمی اور مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

عمانی وزیر خارجہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں۔

ملاقات کے موقع پر مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ ذرائع ابلاغ، خبروں اور معلومات کے تبادلے، تاریخی دستاویزات کے تحفظ، ابلاغیات و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سفارتی و سرکاری وفود کے تبادلوں میں سہولت سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

ان معاہدوں سے پاکستان اور عمان کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری کے فروغ کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button