پشاور: وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے پشاور کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو دورۂ پشاور کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا دورۂ پشاور ہوگا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سینئر وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
دورے کے موقع پر وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع کے حالات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ میں سکیورٹی صورتحال اور متاثرہ اضلاع کو درپیش مسائل سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔




