اوہائیو: جاپانی آٹوموبائل کمپنی ہونڈا نے امریکا میں ہائبرڈ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت اوہائیو میں جدید پیداواری پلانٹ قائم کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق نئے پلانٹ میں ہائبرڈ گاڑیوں کے علاوہ جدید انجن، ہائبرڈ الیکٹرک سسٹمز اور بیٹری پیک بھی تیار کیے جائیں گے۔ منصوبے سے ہونڈا کی ہائبرڈ پاور ٹرین کی پیداواری صلاحیت میں 250 فیصد اضافہ ہوگا۔
نئے پلانٹ میں 2029 سے پیداوار شروع کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے نتیجے میں سالانہ 2 لاکھ 40 ہزار اضافی گاڑیاں تیار کی جاسکیں گی جبکہ اوہائیو میں 2 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ہونڈا مستقبل میں CR-V، Accord، Civic اور Prelude سمیت اپنی متعدد گاڑیوں کے نئے ماڈلز متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے۔ اس کے علاوہ Passport، Pilot اور Odyssey جیسے بڑے ماڈلز کے لیے نیا V6 انجن اور تین موٹروں پر مشتمل ہائبرڈ سسٹم بھی تیار کیا جائے گا۔
کمپنی نے امریکا میں اپنے الاباما اور جارجیا کے پلانٹس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور جدید ہائبرڈ ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے منصوبوں پر بھی کام شروع کردیا ہے۔
ہونڈا حکام کے مطابق صارفین کی جانب سے ایندھن کی بچت اور بہتر کارکردگی والی ہائبرڈ گاڑیوں کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث کمپنی اپنی سرمایہ کاری کا بڑا حصہ اس شعبے پر مرکوز کررہی ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد شمالی امریکا میں ہونڈا کی مجموعی سالانہ پیداواری صلاحیت تقریباً 13 لاکھ گاڑیوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔




