اسلام آباد: پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم دوسرے روز بھی اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں ملکی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سمیت غیرملکی سفارتکاروں اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔
فورم میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعظم آزاد کشمیر، گورنر خیبرپختونخوا اور وفاقی وزراء شریک ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی شرکت بھی فورم کی اہمیت کو اجاگر کر رہی ہے، جبکہ امریکی سفیر نیٹلی بیکر سمیت مختلف ممالک کے سفارتکار بھی تقریب میں موجود ہیں۔
فورم کے دوسرے روز غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود معدنی ذخائر، قدرتی وسائل اور معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔




