اسلام آباد: بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
تینوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہا۔
یاد رہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 74 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔




