راولپنڈی : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مصر کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ مصری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دورے کے دوران دفاعی و سکیورٹی مذاکرات کے تیسرے دور کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کو وسعت دینے پر غور کیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد نے مصری وزیر دفاع، امام الازہر اور چیئرمین سویز کینال اتھارٹی سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں مختلف شعبوں میں اشتراک اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے بین المذاہب رواداری اور بقائے باہمی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
مصری قیادت نے اس موقع پر پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل ساحر شمشاد کو وزارتِ دفاع آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔




