لاہور: ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلے کے دوران میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے رویے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنا مؤقف برقرار رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان بقیہ میچز کھیلنے سے گریز کر سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے تنازع سلجھانے کے لیے پاکستان کو کچھ تجاویز پیش کی ہیں اور موجودہ صورتحال کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے سی سی ایک درمیانی حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ٹورنامنٹ بغیر کسی تعطل کے مکمل ہو سکے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کے میچز میں کسی اور ریفری کو تعینات کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ہینڈشیک تنازعے اور مبینہ جانبداری کے باعث یہ معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے، اور پی سی بی نے اس پر سخت مؤقف اپنایا ہوا ہے۔




