لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ایشیا کپ کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم مشاورت جاری ہے اور آج کسی حتمی فیصلے کا امکان ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فیصلہ پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا اور قومی ٹیم اور مینجمنٹ کو میچ کی مکمل تیاری کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی درخواست پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل کر دیا ہے، اور اب پاکستان شیڈول کے مطابق یو اے ای کے خلاف میچ کھیلنے جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران اینڈی پائی کرافٹ کے رویے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا اور ریفری کو تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے باقی میچز نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔ 14 ستمبر کے پاک بھارت میچ میں اینڈی پائی کرافٹ نے ٹاس کے موقع پر کپتان سلمان آغا سے شیک ہینڈ کرنے سے انکار کیا تھا اور اس بات کو ریکارڈ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
میچ کے بعد پاکستان کی جانب سے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کو تحفظات پہنچائے گئے، جن کے جواب میں بتایا گیا کہ بھارتی بورڈ اور حکومت کی ہدایات پر عمل کیا گیا ہے۔ اس تنازع پر بھارتی کرکٹ ویب سائٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پاکستان کی درخواست مسترد کر دی، مگر اب صورتحال واضح ہوتی دکھائی دے رہی ہے




