تہران : ایرانی پارلیمنٹ (مجلس) کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان کے "مثبت اور فعال” کردار کی بھرپور تعریف کی ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایران کا برادر ملک قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے اسلام آباد کی سہولت کاری پر حکومتِ پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
محمد باقر قالیباف نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ ایران اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان کی کوششوں کا دل سے مشکور ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے علاقائی معاملات اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں ایک مخلص سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔ایرانی اسپیکر نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستانی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
مذاکرات کے حوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی وفد نے مستقبل کے حوالے سے نہایت ٹھوس اور واضح تجاویز پیش کی ہیں، تاہم ابھی تک فریقِ مخالف ایران کا اعتماد جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "امریکہ ہماری منطق اور اصولوں کو بخوبی سمجھ چکا ہے۔ اب یہ واشنگٹن پر منحصر ہے کہ وہ ہمارا اعتماد بحال کرنے کے لیے عملی طور پر کیا اقدامات اٹھاتا ہے۔ایرانی قیادت کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا انحصار اب مکمل طور پر امریکی اقدامات پر ہے۔




