لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کے دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا، جس میں سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے جبکہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو 5، 5 سال قید کی سزائیں دی گئیں۔
یہ مقدمات تھانہ شادمان میں پولیس کی گاڑیاں جلانے اور دیگر احتجاجی واقعات سے متعلق ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کے بعد یہ حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عدالت نے دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی 9 مئی کے احتجاجات کے دوران مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں۔




