کیلیفورنیا: مقبول میوزک سٹریمنگ سروس سپاٹیفائی نے اپنے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے جس کے ذریعے اب وہ اپنے پسندیدہ گانے، البمز، پلے لسٹس یا پوڈکاسٹس کو براہِ راست واٹس ایپ کے سٹیٹس پر شیئر کیا جا سکے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، اس نئے فیچر کے تحت جب بھی صارفین سپاٹیفائی پر کوئی گانا، البم، یا پلے لسٹ چلائیں گے، وہ اس گانے کو شیئر کے آپشن سے واٹس ایپ کے سٹیٹس پر پوسٹ کر سکیں گے۔ سٹیٹس میں شیئر ہونے والا مواد ایک خوبصورت کارڈ کی شکل میں دکھایا جائے گا جس میں گانے کا کور آرٹ، عنوان، اور آرٹسٹ کا نام شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ، سٹیٹس دیکھنے والوں کو ایک مختصر آڈیو پریویو بھی سننے کو ملے گا، اور "اوپن ان سپاٹیفائی” کا بٹن بھی موجود ہوگا جس پر کلک کرنے سے وہ براہِ راست سپاٹیفائی ایپ پر پہنچ جائیں گے۔
اس فیچر کا استعمال کرنے کے لیے صارفین کو سپاٹیفائی ایپ کھول کر وہ گانا، البم، یا پلے لسٹ منتخب کرنا ہوگا جسے وہ شیئر کرنا چاہتے ہیں، پھر شیئر آئیکن دبائیں، واٹس ایپ کا انتخاب کریں اور اسے سٹیٹس پر پوسٹ کر دیں۔ اس کے بعد منتخب مواد واٹس ایپ سٹیٹس پر دکھائی دے گا۔
فی الحال یہ فیچر صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم یہ امکان ہے کہ یہ جلد ہی آئی او ایس صارفین کے لیے بھی جاری کر دیا جائے گا۔ اگر صارفین کو یہ آپشن ابھی تک نظر نہیں آ رہا، تو انہیں گوگل پلے سٹور سے سپاٹیفائی ایپ کو اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ یہ فیچر فعال ہو سکے.




