مزار شریف: افغانستان کے ہندوکش خطے میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 150 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زلزلے کے اثرات مزار شریف سمیت افغانستان کے دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ مزار شریف میں زلزلے کے دوران شہری خوف کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات کی طرف دوڑنے لگے، کیونکہ انہیں اپنے مکانات کے گرنے کا شدید خوف تھا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 تھی اور اس کی گہرائی 28 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خلم کے قریب 22 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے ہمسایہ ممالک ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے ہیں، جہاں لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں 31 اگست 2023 کو بھی 6.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ 2023 میں ہی 6.3 شدت کے زلزلے اور آفٹر شاکس کے باعث کم از کم 4 ہزار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔




