پاکستان

دنیا بھر میں ورلڈ پوسٹ ڈے آج منایا جا رہا ہے

لاہور: دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آج (9 اکتوبر) کو ورلڈ پوسٹ ڈے منایا جا رہا ہے، اس دن کا مقصد ڈاک کے نظام اور اس کی عوامی خدمات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

ڈاک کو صدیوں سے پیغام رسانی کا ایک اہم اور قابلِ اعتماد ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ پرانے وقتوں میں اسے “آدھی ملاقات” کہا جاتا تھا، کیونکہ ایک کاغذی خط لوگوں کے دلوں کو جوڑنے کا ذریعہ بن جاتا تھا۔ فیصل آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں آج بھی تاریخی پوسٹ آفس اور پرانی یادیں زندہ ہیں، جہاں شہری ماضی کے اس نظام کو یاد کرتے ہیں۔

ورلڈ پوسٹ ڈے دراصل 1874 میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برن میں یونیورسل پوسٹل یونین (UPU) کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ 1979 میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہونے والی عالمی ڈاک کانگریس میں فیصلہ کیا گیا کہ 9 اکتوبر کو ہر سال یہ دن منایا جائے گا تاکہ ڈاک کی اہمیت اور ترقی کے بارے میں شعور بیدار کیا جا سکے۔

ڈاک کی تاریخ بہت پرانی ہے — قدیم چین میں پیغام رسانی کے لیے منظم ڈاک کا آغاز ہوا، جب کہ قیامِ پاکستان کے بعد برطانوی دور کے ڈاک ٹکٹ استعمال کیے جاتے رہے۔ بعد ازاں پاکستان نے مختلف تاریخی، ثقافتی اور قومی مواقع پر 1300 سے زائد ڈاک ٹکٹ جاری کیے۔

اگرچہ آج موبائل فون، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے رابطوں کو آسان اور تیز کر دیا ہے، مگر ڈاک کی اہمیت اب بھی برقرار ہے — خاص طور پر تعلیمی دستاویزات، سرکاری معاملات اور رسمی پیغام رسانی کے لیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button