کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے اپنے الگورتھم اور فیچرز میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو اپنی پسند کے مطابق مواد دیکھنے اور غیر دلچسپ ویڈیوز کو محدود کرنے کا اختیار دینا ہے۔
میٹا کے مطابق اب صارفین ریلز ویڈیوز پر “ناٹ انٹرسٹڈ” (Not Interested) کا آپشن استعمال کر سکیں گے، جس کے ذریعے وہ ایسی ویڈیوز رپورٹ کر سکیں گے جو ان کی دلچسپی سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ اس سے فیس بک کا الگورتھم صارف کے ذوق کو بہتر طور پر سمجھ سکے گا اور متعلقہ مواد دکھائے گا۔
کمپنی نے “سیو” (Save) فیچر کو بھی اپ گریڈ کیا ہے، تاکہ صارفین اپنی پسندیدہ پوسٹس اور ویڈیوز کو ایک ہی جگہ آسانی سے محفوظ رکھ سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اب صارفین کے نیوز فیڈ میں زیادہ تر تازہ ویڈیوز دکھائی دیں گی، یعنی وہ ویڈیوز جو گزشتہ 24 گھنٹوں میں اپ لوڈ کی گئی ہوں۔
میٹا نے اے آئی پر مبنی سرچ تجاویز بھی شامل کی ہیں، جس سے صارفین اپنے پسندیدہ موضوعات پر مزید دلچسپ مواد دریافت کر سکیں گے۔ ایک نیا فیچر “فرینڈ ببلز” (Friend Bubbles) بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین دیکھ سکیں گے کہ ان کے دوست کون سی پوسٹس لائک کر رہے ہیں اور وہ براہِ راست ان سے رابطہ بھی کر سکیں گے۔
میٹا کے ترجمان کے مطابق یہ تبدیلیاں فیس بک کو ایک زیادہ ذاتی، دلچسپ اور صارف دوست پلیٹ فارم بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔




