سعودی عرب کے شہر ریاض میں جاری دو روزہ "جوائے فورم 2025” کے دوران دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے ایک ایسی تصویر شیئر کی ہے جس نے سوشل میڈیا پر زبردست ہلچل مچا دی۔ اس تصویر میں بالی وُڈ کے تینوں سپر اسٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان مسٹر بیسٹ کے ساتھ موجود ہیں۔
مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام اسٹوری پر یہ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، "ہیے انڈیا، کیا ہم سب کچھ ساتھ میں کریں؟” اس جملے نے مداحوں میں قیاس آرائیاں جنم دی ہیں کہ شاید یہ چاروں جلد ہی کسی بڑے پراجیکٹ یا ویڈیو میں ساتھ نظر آئیں گے۔
تصویر میں شاہ رخ خان اور سلمان خان اسٹائلش سوٹ میں نظر آ رہے ہیں، جبکہ عامر خان روایتی سیاہ کُرتے اور سفید پاجامے میں موجود ہیں۔ مسٹر بیسٹ سادہ مگر پرکشش بلیک لباس میں تینوں اداکاروں کے ساتھ خوشگوار انداز میں مسکرا رہے ہیں۔
تصویر وائرل ہوتے ہی ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین نے اپنی دلچسپ اور متوقع رائے کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے کہا، "امبانی کے بعد صرف مسٹر بیسٹ نے تینوں خانز کو ایک ساتھ لا کھڑا کیا!” جبکہ ایک اور صارف نے لکھا، "یہ تصویر تاریخ رقم کر رہی ہے، مسٹر بیسٹ اور بالی وُڈ کے تین بادشاہ ایک فریم میں، اگلا سرپرائز کیا ہوگا؟”
یہ ملاقات خاص اہمیت کی حامل ہے کیونکہ شاہ رخ، سلمان اور عامر خان تین دہائیوں سے بالی وُڈ کے سب سے بڑے اور مقبول اداکار ہیں، مگر انہیں ایک ساتھ دیکھنے کے مواقع بہت کم ملے ہیں۔ آخری بار یہ تینوں عامر خان کی فلم "ستارے زمین پر” کی خصوصی نمائش پر اکٹھے نظر آئے تھے۔




