اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل رابطہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم ہے۔
اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا دوطرفہ تعاون اور حالیہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے ملاقات کے دوران دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے پاک امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا ضروری ہے۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال کے تناظر میں امن و استحکام کے فروغ اور سفارتی رابطوں کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
اسحاق ڈار نے امریکی ناظم الامور کو بتایا کہ 81ویں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم کریں گے۔ وزیراعظم کی سربراہی میں پاکستانی وفد جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔




