راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 333 رنز بنا کر پہلی اننگز میں آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا، جہاں سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو آگے بڑھایا، سعود شکیل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، تاہم آغا سلمان 45 رنز بنا کر جنوبی افریقی باؤلر کیشوو مہاراج کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ سعود شکیل بھی 66 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے بقیہ کھلاڑیوں میں شاہین آفریدی، ساجد خان اور آصف آفریدی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور تینوں کو مہاراج نے اپنی شاندار باؤلنگ سے آؤٹ کیا۔ نعمان علی نے 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہ کر اننگز کا اختتام کیا۔
جنوبی افریقا کے باؤلر کیشوو مہاراج نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سائمن ہارمر نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور واحد وکٹ ربادا کے حصے میں آئی۔
پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور کپتان شان مسعود 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق نے 57 رنز بنائے، لیکن دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن مزید مشکلات کا شکار ہو گئی۔
یہ میچ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-0 کی سبقت حاصل ہے۔ پاکستان نے لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔




