کراچی:اداکاری کو خیرباد کہہ کر بزنس کے شعبے میں قدم رکھنے والی کومل عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری کے ابتدائی دنوں میں انہیں ذہنی دباؤ، خاندانی مخالفت اور الجھنوں کا سامنا رہا، جس سے باہر نکلنے کے لیے انہیں پیشہ ورانہ تھراپی کا سہارا لینا پڑا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کومل عزیز کا کہنا تھا کہ ان کے گھر والوں کو یہ اعتراض تھا کہ امریکا سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اداکاری کو بطور پیشہ اختیار کرنا مناسب فیصلہ نہیں۔ تعلیم یافتہ پس منظر کے باعث انہیں یہ قدم اٹھانے پر مسلسل تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جو ان کی ذہنی صحت پر اثرانداز ہوا۔
کومل نے مزید کہا کہ کئی دنوں تک تھیراپی سیشنز لینے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچیں کہ شوبز کو خیر باد کہنا ہی بہتر ہے۔ ان کے مطابق، یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، مگر ذہنی صحت کو ترجیح دینا ضروری تھا۔
آج کومل عزیز ایک کامیاب کاروباری شخصیت کے طور پر جانی جاتی ہیں، اور وہ اپنی نئی زندگی سے مطمئن اور پُراعتماد نظر آتی ہیں۔




