پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے پر پیغام

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عوام میں ترقی کے بارے میں بڑھتا ہوا شعور ایک خوش آئند تبدیلی ہے، اور پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس دن کو منانے کا مقصد عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات کی اہمیت کو اجاگر کرنا قرار دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ "پائیدار ترقی اور مؤثر ابلاغ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں تین ہزار سے زائد مراکز صحت اور ہسپتالوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کا منصوبہ ایک تاریخی قدم ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 20 ہزار سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے عوامی سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘، 1100 الیکٹرو بسز اور ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ جیسے منصوبے ترقیاتی ابلاغ کی روشن مثال ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف عوام کی زندگی میں بہتری آئے گی بلکہ ترقی کے اہداف بھی حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور مثبت تبدیلی کے لیے عوامی معلومات ضروری ہیں، اور اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، جو عوام میں شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے، اور یہ ترقیاتی اقدامات عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی ترجیح عوام کے مسائل کا حل اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button