کابل: طالبان حکومت نے دریائے کنڑ پر ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت توانائی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ملکی کمپنیوں کا انتظار کیے بغیر مقامی کمپنیوں کے ساتھ منصوبے پر کام شروع کرے۔
افغان وزیر توانائی و آب عبداللطیف منصور نے کہا کہ افغان عوام کو اپنے پانیوں کے انتظام کا حق حاصل ہے۔ دریائے کنڑ، جو چترال سے نکل کر صوبہ کنڑ سے گزرتا ہے اور دریائے کابل میں شامل ہونے کے بعد دوبارہ پاکستان میں داخل ہوتا ہے، افغانستان کے بڑے دریاؤں میں شمار ہوتا ہے۔
ڈیم کی تعمیر کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پانی کی تقسیم کا کوئی باضابطہ معاہدہ موجود نہیں۔
عبداللطیف منصور نے کہا کہ طالبان حکومت ایران کے ساتھ دریائے ہلمند کے معاہدے کا احترام کرتی ہے، لیکن دیگر مقامات پر ڈیم تعمیر کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔




