قاہرہ: مصر کا نیا اور شاندار عجائب خانہ، جو قدیم مصری تہذیب کے نایاب نوادرات سے مزین ہے، دنیا کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس جدید میوزیم میں قدیم مصری تاریخ کے بے شمار قیمتی نوادرات، بشمول طوطان خامن کے مقبرے سے ملنے والے زیورات، فراعنہ مصر کے دور کے عظیم مجسمے اور ایک لاکھ سے زائد تاریخی اشیاء کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
عجائب خانہ کا افتتاح ایک رنگا رنگ تقریب میں کیا گیا، جس نے حاضرین کو محظوظ کر دیا۔ اس موقع پر فنکاروں کی پرفارمنس نے محفل میں جادوئی رنگ بھرے۔ مصر کے صدر عبدالفتح سیسی نے اس عظیم میوزیم کا باقاعدہ افتتاح کیا، جو اہرام مصر کے قریب واقع ہے۔
یہ جدید عجائب خانہ 120 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور فرانس کے مشہور لوور میوزیم سے بھی دوگنا بڑا ہے۔ اس منصوبے کی تخمینی لاگت تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ہے، جو مصر کی ثقافت اور تاریخ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
یہ نیا عجائب خانہ نہ صرف مصر کے قدیم تاریخ کو محفوظ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے بلکہ سیاحوں کے لیے ایک نیا اور منفرد تجربہ فراہم کرے گا۔ اس میوزیم میں سیاح مصر کے عظیم ماضی کے اہم ترین آثار دیکھ سکیں گے، جو دنیا بھر سے آنے والے افراد کے لیے ایک دلکش مقام بن جائے گا۔




