بین الاقوامی
Trending

بھارتی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت؛ افغان حکومت کے مراعاتی پیکج پر خطے میں نئی بحث

 

کابل:  افغانستان کی عبوری حکومت نے بھارتی کمپنیوں کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا دروازہ کھول دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ بھارت کو مختلف اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کی صورت میں خصوصی مراعات اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس پیش رفت نے خطے میں نئے سیاسی و معاشی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔

وزیرِ صنعت و تجارت الحاج نورالدین عزیزی نے کہا ہے کہ بھارت سے آنے والی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے ٹیرف سپورٹ کے ساتھ زمین فراہم کی جائے گی، جبکہ نئی سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے پانچ سال تک ٹیکس میں مکمل چھوٹ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان اپنے قدرتی وسائل، توانائی، انفراسٹرکچر اور صنعت کے شعبوں میں بھارتی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔

 

اقتصادی ماہرین کے مطابق اس مراعاتی پیکج سے اگرچہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن ہے، تاہم معاشی بحران، بے روزگاری اور کمزور مالی ڈھانچے کا شکار افغانستان میں ٹیکس چھوٹ حکومتی آمدن کو مزید کم کر سکتی ہے، جس سے معیشت پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔

 

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کی جانب سے بھارت کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کا فیصلہ محض اقتصادی قدم نہیں بلکہ علاقائی سیاست میں ایک نئے رخ کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغانستان داخلی بحران، انسانی مسائل اور عالمی تنہائی سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ناقدین کے مطابق محدود وسائل رکھنے والی افغان ریاست کا بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مراعاتی پیکجز دینا عوامی فلاح، معاشی ترجیحات اور قومی مفادات کے حوالے سے مزید غور طلب ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button