اسلام آباد: آرٹن کیپیٹل نے سال 2025 کا عالمی پاسپورٹ انڈیکس جاری کر دیا ہے جس کے مطابق دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں اس سال بھی متحدہ عرب امارات نے اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای کے شہری دنیا کے 179 ممالک میں بغیر ویزے سفر کر سکتے ہیں، جس کے باعث اسے مسلسل ساتویں بار دنیا کا مضبوط ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ سفارتی تعلقات کی بہتری، معاشی استحکام اور عالمی سطح پر مثبت ساکھ اس کامیابی کی اہم وجوہات بتائی گئی ہیں۔
فہرست میں دوسرا نمبر سنگاپور اور اسپین نے مشترکہ طور پر حاصل کیا ہے، جن کے شہریوں کو 175 ممالک میں ویزا فری سہولت میسر ہے۔ تیسری پوزیشن اس بار 10 ممالک نے اپنے نام کی ہے جن کے پاسپورٹس سے 174 ممالک تک رسائی ممکن ہے۔
دوسری جانب کمزور پاسپورٹس میں افغانستان، شام اور عراق بالترتیب سب سے نیچے رہے، جب کہ انہی کے بعد پاکستان کا نمبر آتا ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو دنیا کے صرف 45 ممالک میں ویزا فری سفر کی اجازت ملتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش، یمن، شمالی کوریا، فلسطین اور اریٹیریا نے اپنی رینکنگ میں بہتری دکھائی ہے، جبکہ جنوبی ایشیا کی بڑی مارکیٹ بھارت اس سال 69ویں نمبر پر رہا۔




