راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور پاک فوج کی قربانیوں کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں شہداء اور معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ حکومت اور عوام کی حمایت کی بدولت پاکستان استحکام، ترقی اور عزت کی جانب بڑھ رہا ہے۔
شرکاء نے بھارتی سرپرستی میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کیا۔ قومی یکجہتی اور مسلح افواج و عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
کانفرنس میں بلوچستان حکومت کے ترقیاتی اقدامات کو سراہا گیا اور دیگر علاقوں میں بھی عوامی ترقیاتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور فلسطین کے حق میں پاکستان کے موقف کی توثیق کی۔
اختتام پر چیف آف ڈیفنس سٹاف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، تربیت اور میدان جنگ میں مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور پاک فوج کی قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کا اعادہ کیا۔




