ایمسٹرڈیم: سوشل میڈیا پر اس وقت ایک دلچسپ میوزیکل ٹرینڈ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے جس میں کرسمس کا مشہور گانا "Jingle Bells” ایک بالکل نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے معروف ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر اُمت اوزکان نے اس کلاسک کرسمس کیرول کو منگولین سٹائل میں ڈھال کر کلب میوزک میں تبدیل کر دیا ہے۔
اُمت اوزکان نے "Jingle Bells” میں منگولین دھن، مخصوص انداز کے بول اور جدید ٹیکنو بیٹس شامل کیے، جس نے اس گانے کو بالکل نیا رنگ دے دیا۔ اُمت اوزکان نے اس منفرد ورژن کی مختصر ویڈیو انسٹاگرام پر ایک ہفتہ قبل شیئر کی تھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ اس ویڈیو کو آٹھ لاکھ سے زائد لائیکس مل چکے ہیں، اور صارفین اسے "کرسمس ریو پارٹی” کے لیے بہترین میوزک قرار دے رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹاگرام پر موجود سانتا کلاز کے آفیشل اکاؤنٹ نے بھی اس گانے کو سراہا اور تبصرہ کیا کہ "ایلوز ورکشاپ میں اس گانے پر جھوم رہے ہیں، مجھے بار بار یاد دلانا پڑ رہا ہے کہ رقص چھوڑ کر تحفے مکمل کریں!”
اس غیر معمولی پذیرائی کے بعد، اُمت اوزکان نے مداحوں کے مطالبے پر 20 دسمبر کو اس گانے کی مکمل ویڈیو یوٹیوب پر ریلیز کی، اور ایک دن بعد یہ گانا سپاٹی فائی پر بھی دستیاب ہو گیا۔ اُمت اوزکان کا کہنا ہے کہ "یہ سب شروع میں محض ایک تفریحی خیال تھا، لیکن مداحوں کے زبردست ردعمل نے اسے ایک مکمل میوزیکل پروجیکٹ میں بدل دیا۔”
ویڈیو میں ایک منگولین شخص روایتی لباس میں گاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو ناظرین کے تجسس کو اور بڑھا دیتا ہے۔ اُمت اوزکان نے اس ویڈیو میں AI-assisted visuals کا استعمال کیا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور ثقافت کا خوبصورت امتزاج پیش کرتا ہے۔




