وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چودہ اگست کو جب پوری قوم آزادی کا جشن منائے گی، تحریک انصاف ملک میں انتشار پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ قومی دن پر احتجاج کسی محب وطن کا ایجنڈا نہیں ہو سکتا اور بہتر یہی ہے کہ پی ٹی آئی اپنا چودہ اگست کا احتجاج ملتوی کرے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پانچ اگست کو بھی پنجاب میں کوئی باہر نہیں نکلا تھا اور اب بھی عوام بانی پی ٹی آئی کی جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا دونوں صوبوں کے عوام بانی پی ٹی آئی کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ دو ہزار چودہ کے دھرنوں سے جنم لینے والی جماعت نے احتجاج اور دھرنے کو اپنا مشغلہ بنا لیا ہے، اس کے نزدیک قومی دن یا مذہبی تہوار کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو “قیدی نمبر چار سو بیس ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ہر حکم پر چلنے والا گروہ جہالت کی انتہا تک پہنچ چکا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چودہ اگست کو قوم نہ صرف آزادی کا جشن منائے گی بلکہ آپریشن بنیانِ مرصوص کی کامیابی پر بھی خوشیاں منائے گی، اور کسی کو عوام کی خوشیاں خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔




