پاکستان
Trending

ڈی جی آئی ایس پی آر اور این پی اے سی کی ملاقات، داخلی سلامتی اور قومی بیانیے پر مشترکہ حکمت عملی

 

راولپنڈی:جی ایچ کیو میں ڈی جی آئی ایس پی آر سے نیشنل پیس اینڈ کوآرڈینیشن (این پی اے سی) کے وفد کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں داخلی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف مؤقف اور قومی بیانیے کی مضبوطی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں این پی اے سی نے پاک افواج کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قومی بیانیے کے فروغ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وفد نے فتنہ الخوارج، ٹی ٹی پی اور افغان طالبان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر کہا کہ قومی سلامتی کے امور میں یکسوئی اور متفقہ بیانیہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے فتنہ الخوارج، ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے تناظر میں داخلی سلامتی کے موضوع پر ہونے والی گفتگو کو اہم قرار دیا اور کہا کہ اس سے مشترکہ مؤقف مزید مضبوط ہوا ہے۔

ملاقات میں کشمیر اور غزہ کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق بھی کی گئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مظلوم اقوام کی حمایت پاکستان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔

این پی اے سی نے منبر و محراب سے اتحادِ امت، سماجی ہم آہنگی اور آئینی برابری کے پیغام کو ملک گیر سطح پر پھیلانے کے عزم کا اعادہ کیا اور نفرت انگیزی، فرقہ واریت اور تکفیری بیانیے کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنانے پر بھی اتفاق کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دشمن کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے میں عوامی شعور اور حقیقت پر مبنی بیانیہ سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ این پی اے سی نے ریاستی بیانیے کی ترویج کے لیے مساجد، مدارس اور جامعات میں آگاہی نشستیں بڑھانے کی تجویز دی۔

ملاقات کو بامقصد اور غیر معمولی مفید قرار دیتے ہوئے، دونوں فریقین نے اعتماد اور عملی تعاون کے نئے راستوں پر پیش رفت کی توقع ظاہر کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button