اسلام آباد : خطے میں جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر پاکستان نے ہنگامی سفارتکاری کا آغاز کر دیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آج دو روزہ انتہائی اہم دورے پر سعودی عرب روانہ ہو ں گے، جہاں وہ ریاض میں علاقائی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار عالمی فورم پر پاکستان کا واضح موقف پیش کریں گے جس کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔ پاکستان برادر اسلامی ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتا ہے۔ برادر ممالک کی سرزمین پر جاری حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
خطے میں جاری کشیدگی اور مسلح تصادم کے فوری خاتمے پر زور دیا جائے گا۔روانگی سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں خطے کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیاں امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔
طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں، مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔سفارتی ماہرین اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔ اسحاق ڈار کا یہ مشن نہ صرف پاکستان کے برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ خطے میں ایک "امن پسند ثالث” کے طور پر پاکستان کے کردار کو بھی نمایاں کرے گا۔




