اتر پردیش میں بھارتی فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو گیا، تاہم طیارے میں سوار دونوں پائلٹس محفوظ رہے۔ یہ واقعہ پریاگ راج کے قریب بمرولی ایئر فورس اسٹیشن کے علاقے میں پیش آیا۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق یہ مائیکرولائٹ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے لیے روانہ ہوا تھا کہ دورانِ پرواز تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔ پائلٹس نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو غیر آباد علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کر دی، جس سے کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی پولیس افسر منیش شاندلیہ کے مطابق طیارے کے انجن میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی، لیکن پائلٹس نے قریبی تالاب میں کنٹرولڈ لینڈنگ کر کے مہارت کا مظاہرہ کیا۔
بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ طیارے کے حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ گزشتہ چند برسوں میں بھارتی فضائیہ کو متعدد فضائی حادثات کا سامنا رہا ہے، جن میں بعض میں انسانی جانوں کا بھی ضیاع ہوا۔




