محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج رات مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں آج سے منگل تک مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں آج اور کل بارش متوقع ہے جبکہ بلوچستان کے سرد علاقوں کوئٹہ، زیارت، قلات اور چمن میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
بالائی سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی بارش کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد، مری اور گلیات میں بھی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔




