ہرارے: انڈر 19 ورلڈ کپ کے اہم معرکے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی برتری ثابت کر دی۔ کیوی ٹیم پاکستانی باؤلرز کی قہر ڈھاتی گیند بازی کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی باؤلرز نے کیوی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ عبدالسبحان نے شاندار لائن اور لینتھ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا نے بھی 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے صرف ہیوگو بوگ مزاحمت کر سکے جنہوں نے 39 رنز بنائے۔
پاکستان نے 111 رنز کا آسان ہدف محض 18 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر سمیر منہاس نے حریف باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور 76 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
میچ میں بہترین باؤلنگ سپیل پر عبدالسبحان کو ‘پلیئر آف دی میچ’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس بڑی جیت نے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نیٹ رن ریٹ کو بھی کافی بہتر بنا دیا ہے۔




