کولمبو : نیوزی لینڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان کو باآسانی 5 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔ 183 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت محض 17.4 اوورز میں پورا کر لیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائیفرٹ نے میدان کے چاروں اطراف دلکش شاٹس کھیلے اور 65 رنز بنا کر فتح کی راہ ہموار کی۔ گلین فلپس نے 42 رنز کی برق رفتار اننگز سے رن ریٹ کو قابو میں رکھا۔
مارک چیپ مین نے آخر میں 28 رنز بنا کر ٹیم کو فنشنگ لائن عبور کروائی۔ افغانستان کے سپنر مجیب الرحمٰن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا لیکن دیگر باؤلرز کیوی بیٹرز کو پریشان کرنے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے گلبدین نائب کے 63 رنز کی بدولت 182 رنز کا اچھا ٹوٹل بورڈ پر سجایا تھا۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹیں گنوائیں، مگر نیوزی لینڈ کی تگڑی بیٹنگ لائن کے سامنے یہ دفاعی ہدف کم ثابت ہوا۔
ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج رات کا آخری میچ میزبان سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان شیڈول ہے۔ مقامی شائقین اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کر رہے ہیں۔




