راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں "فتنہ الخوارج” اور اس کے ذیلی گروہوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے دو روز کے دوران ایک بڑے آپریشن میں 18 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ 24 فروری کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ‘فتنہ الہندوستان’ کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔ 25 فروری کی کارروائی کے تسلسل میں مزید 10 خوارج مارے گئے، جو سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حالیہ حملوں میں براہِ راست ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، یہ آپریشن ملک دشمن عناصر کے قلع قمع کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ملنے والا اسلحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ علاقے میں کسی بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جسے بروقت ناکام بنا دیا گیا۔




