نیویارک :اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایروانی نے عالمی ادارے کے سامنے دشمن ممالک کے عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران پر حملہ کرنے والوں کو "سرنڈر” کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی سرزمین اور قیادت کے تحفظ کے لیے ہر ممکنہ جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
سعید ایروانی نے اسرائیل اور امریکہ کی فوجی کارروائیوں کو ’جنگی جرائم‘ قرار دیتے ہوئے درج ذیل نکات اٹھائے۔ دشمن نے تمام حدیں پار کرتے ہوئے رہبرِ معظم آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی۔ اسرائیلی حملے عسکری نہیں بلکہ شہری تنصیبات پر ہو رہے ہیں۔ اسکولوں، ہسپتالوں اور رہائشی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنایا جا رہا ہے۔
حملوں میں بچوں اور نہتے شہریوں کی شہادت پر عالمی اداروں کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے اسے "عالمی ضمیر کی موت” قرار دیا۔ایرانی مندوب نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام صرف سویلین اور پرامن مقاصد کے لیے ہے، جس سے دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ایران اپنی خود مختاری کا دفاع کرنے کے لیے کسی بھی عالمی طاقت کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔
انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کی اس ننگی جارحیت کو روکنے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرے۔




