واشنگٹن:امریکی انٹیلی جنس کے اعلیٰ ذرائع نے ‘واشنگٹن پوسٹ’ کو بتایا ہے کہ روس، مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی طاقت کو کمزور کرنے کے لیے ایران کو براہِ راست مدد فراہم کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، روسی ڈیٹا نے ایرانی حملوں کو پہلے سے کہیں زیادہ مہلک اور درست بنا دیا ہے۔
روس اپنے سیٹلائٹ نظام کے ذریعے امریکی بحری جہازوں اور جنگی طیاروں کی ‘پن پوائنٹ’ لوکیشن ایران کو فراہم کر رہا ہے۔مسلسل حملوں کے نتیجے میں امریکہ کے انٹرسیپٹرز (میزائل مار گرانے والے نظام) کی تعداد خطرناک حد تک کم ہو چکی ہے، جس سے امریکی دفاع میں شگاف پڑنے کا خطرہ ہے۔
ایران نے روسی معلومات کی مدد سے امریکی فوج کے ‘کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز’ اور ریڈارز کو براہِ راست نشانہ بنایا ہے۔ رپورٹ کا دعویٰ ہے کہ ایران کی اپنی جاسوسی کی صلاحیتیں حالیہ عرصے میں متاثر ہوئی ہیں، جس کا خلا اب روس پُر کر رہا ہے۔ روسی ڈیٹا کی مدد سے کیے گئے حملوں نے کئی مقامات پر امریکہ اور اسرائیل کے جدید ترین دفاعی حصار کو بھی ناکام بنایا ہے۔
دفاعی ماہرین اس انکشاف کو عالمی جنگ کے خطرات میں اضافے سے تعبیر کر رہے ہیں۔ روس کا مقصد یوکرین جنگ کے دوران امریکہ کو مشرقِ وسطیٰ کے محاذ پر الجھا کر اس کے وسائل کو ختم کرنا معلوم ہوتا ہے۔




