کراچی :سندھ حکومت نے عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو سستی اور پرسکون سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کرتے ہوئے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
صوبائی وزیر کی ہدایت پر سندھ بھر کی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ جاری کردہ احکامات کے مطابق پولیس، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں تمام چھوٹے بڑے بس ٹرمینلز پر تعینات کر دی گئی ہیں۔ نیشنل ہائی وے اور انٹرا سٹی روٹس پر خصوصی چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں تاکہ ہر گاڑی میں کرایوں کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ عید پر گھروں کو جانے والے مسافروں سے اضافی رقم بٹورنا ایک مجرمانہ فعل ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام بشمول این ایچ اے (NHA) کو ہدایت کی کہ مسافروں کی شکایات کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں۔ زائد کرایہ لینے والی بسوں کو روٹ پرمٹ کی منسوخی اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مسافروں سے لی گئی اضافی رقم کی موقع پر واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ "ہماری ترجیح عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کو پہلے ہی خبردار کیا جا چکا ہے کہ وہ قانون کے دائرے میں رہیں، بصورتِ دیگر انتظامیہ کا ایکشن انتہائی سخت ہو گا۔”




