پاکستان
Trending

پاکستان عالمی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار، تیل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی: وزیراعظم

 

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ حکومتِ پاکستان عالمی سطح پر جاری حالیہ کشیدگی کے معاشی اثرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا نظام مستحکم ہے اور تیل کے ذخائر کافی مقدار میں موجود ہیں۔ پیٹرولیم کمپنیوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر ہی تیل بیچنے کا پابند کیا گیا ہے۔
کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی مہنگائی کی صورت میں سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔اجلاس میں ایک اہم ٹیکنالوجیکل فیچر کا تذکرہ کیا گیا، جس کا مقصد براہِ راست عوام کو بااختیار بنانا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ‘پاک ایپ’ (Pak App) میں ایک خصوصی فیچر شامل کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے شہری ملک کے کسی بھی حصے میں پیٹرول کی مہنگے داموں فروخت یا عدم دستیابی کے خلاف فوری شکایت درج کر سکتے ہیں۔ حکومت ان شکایات پر فوری ایکشن لے کر شفافیت کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم نے ملک میں نافذ العمل کفایت شعاری اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معاشی نظم و ضبط کے لیے یہ ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بچت مہم کا آغاز کر دیا ہے اور مزید اقدامات پر مشاورت جاری ہے۔ ان اقدامات کی شفافیت کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت پہلے ہی دی جا چکی ہے تاکہ عوامی اعتماد بحال رہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے وزیراعظم کے اس اقدام کو سراہا جس میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ملکی سطح پر قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button