اسلام آباد: این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں 17 سے 25 مارچ تک مغربی ہواؤں کے ایک طاقتور سلسلے کی آمد کی تصدیق کر دی ہے۔ اس دوران شمالی و وسطی علاقوں میں شدید بارشوں اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ اور مری میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بالائی پنجاب کے بعض حصوں میں شدید ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 25 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔بلوچستان میں 23 مارچ تک گرد آلود ہوائیں اور بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے اضلاع میں کہیں کہیں بادل برسنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت دی ہے اور شہریوں کو مندرجہ ذیل مشورے دیے ہیں۔ آندھی اور گرج چمک کے دوران کمزور دیواروں، سائن بورڈز اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔مری، گلیات اور شمالی اضلاع کی جانب سفر کرنے والے سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہری تازہ ترین معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ یا سوشل میڈیا پیجز سے منسلک رہیں۔




