کراچی : شہرِ قائد میں ہونے والی حالیہ طوفانی بارش نے شدید جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے، جہاں مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک جا پہنچی ہے۔ سب سے بڑا المیہ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں پیش آیا جہاں دیوار گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
بلدیہ کے علاقے مواچھ گوٹھ میں بارش کے دوران ایک خستہ حال دیوار گرنے سے 13 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔قائد آباد کی مجید کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے زخمی ہونے والے میاں بیوی دم توڑ گئے، جبکہ ملیر ندی یارو گوٹھ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ کورنگی پانچ نمبر کے قریب تیز ہواؤں کے باعث درخت گرنے سے ایک راہگیر جان کی بازی ہار گیا۔
واقعات کی اطلاع ملتے ہی وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار اور میئر کراچی نے مواچھ گوٹھ کا دورہ کیا اور جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے تمام افسران کو فیلڈ میں رہنے کی سخت ہدایت کی ہے تاکہ نکاسی آب اور امدادی کاموں میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔




