پشاور : وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے قبائلی اضلاع میں ممکنہ فوجی آپریشن کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بند کمروں میں کیے جانے والے فیصلے قبول نہیں ہوں گے اور عوام مزید قربانیاں نہیں دیں گے۔
باڑہ میں امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، لیکن معصوم شہریوں کی جانوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبائی اسمبلی میں امن جرگے کے بلانے اور نئی حکمت عملی وضع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لیے واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں اور کسی بھی مستقبل کے فیصلے میں صوبائی حکومت، قبائلی عمائدین اور پارلیمنٹرین شامل ہوں۔ سہیل آفریدی نے زور دیا کہ قبائلی اضلاع میں امن اور ترقی کے ساتھ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔




