اسلام آباد : پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر زہر اگلنے والا بھارتی میڈیا خود اپنی ہی بچھائی ہوئی سازش کے جال میں پھنس گیا ہے۔ بھارتی صحافیوں اور حکام کی خفیہ ملاقاتوں کی اندرونی کہانیاں سامنے آنے کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف بدلہ لینے کی پکار دراصل اپنی سکیورٹی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ایک ناکام کوشش تھی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا کا کردار ایک بار پھر مودی سرکار کے سیاسی آلے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ مودی حکومت کے سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے بھارتی میڈیا نے حقائق کے برعکس بیانیہ گھڑا اور معاشرے میں مسلمان دشمنی کو فروغ دے کر انتہا پسند عناصر کو اکسایا۔
بھارتی نیوز چینلز نے حقائق کی جانچ کے بجائے جنگی جنون کو ہوا دی اور پاکستان پر حملے کی اشتعال انگیزی پھیلا کر خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا۔حکام اور میڈیا ہاؤسز کے درمیان ہونے والی ملی بھگت کی تفصیلات نے واضح کر دیا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی سنگین کوتاہی تھی جسے چھپانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کا آسان راستہ اختیار کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے بار بار جھوٹ بولنے کے باوجود عالمی برادری کے سامنے ان کے "فالس فلیگ” بیانیے کی کوئی قانونی یا اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی۔




