اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری وزارتوں کے لیے بجٹ کی فراہمی کو براہِ راست ان کی کارکردگی سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں ملک کے ترقیاتی بجٹ اور جاری منصوبوں کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکمتِ عملی واضح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پبلک فنڈز کے ضیاع کو روکنے کے لیے صرف ان ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی جن کے ثمرات بلا تاخیر عوام تک پہنچنا یقینی ہوں۔ انہوں نے پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے اور ملک کو سستی بجلی فراہم کرنے والے پن بجلی کے منصوبوں کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے نجی شعبے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو اپنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ کی جانب سے بین الاقوامی مارکیٹ میں ‘پانڈا بانڈز’ کے کامیاب اجراء کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس پر وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی مخلصانہ کوششوں اور عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی کو سراہتے ہوئے وزیرِ خزانہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔




