لاہور : صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی اور حبس کے بعد موسم نے اچانک کروٹ بدل لی ہے، جہاں طوفانی بارش اور تیز ژالہ باری کے باعث درجہ حرارت میں یکدم نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
موسم کے اس اچانک بدلاؤ سے جہاں شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، وہیں شہر کا شہری و بجلی کا ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے۔ واسا اور ضلعی انتظامیہ کے الرٹ کے باوجود صوبائی دارالحکومت کے تمام نشیبی علاقے اور اہم شاہراہیں زیرِ آب آ گئیں، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، بادل سب سے زیادہ نشتر ٹاؤن پر برسے جہاں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش شروع ہوتے ہی لیسکو کا ترسیلی نظام بھی جواب دے گیا اور تیز ہواؤں کے باعث 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے آدھا لاہور گھنٹوں بجلی سے محروم رہا۔ اسی دوران واپڈا ٹاؤن گول چکر کے قریب ایک افسوسناک حادثہ بھی پیش آیا جہاں تیز آندھی کے باعث ایک رکشے پر دیوار گرنے سے 2 افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔




